چکوال: تلہ گنگ راولپنڈی روڈ پر ڈھوک پٹھان کے قریب کوہاٹ سے لاہور تبلیغی اجتماع پر جانے والی مسافر کوچ موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری۔ رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے جانیوالوں کی بس تلہ گنگ کے قریب پل سے نیچے گر گئی، نتیجہ میں 27 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوگئے جبکہ ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بس کوہاٹ سے آرہی تھی کہ ڈھوک پٹھان کے مقام پر پل سے نیچے 150 فٹ گہری کھائی میں جا گری، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ 24 لاشوں اور 53 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ان میں سے 41 کو تلہ گنگ ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ جہاں مزید 3 افراد دم توڑ گئے جبکہ بعض کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔
دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔