کراچی: ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے دعویٰ کیا ہے کہ سچل ٹاؤن میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں کالعدم ٹی ٹی پی سوات کے کمانڈر سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
Taliban commander killed including three companions in police encounter, SSP Rao Anwar
ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے بتایا کہ کراچی میں ابو الاصفحانی روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکاروں پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد حساس اداروں نے ایک ٹیلی فون کال ٹریس کی جس پر سچل ٹاؤن کے علاقے میں ایک مکان پر چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ ایس ایس پی راؤ انوار کے مطابق پولیس کے ساتھ مقابلے میں کالعدم ٹی ٹی پی سوات کا کمانڈر ملا اکبر سواتی دیگر 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہو گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک دہشت گرد کی شناخت ہمایوں کے نام سے ہوئی ہے اور دہشت گرد تخریب کلاری کی منصوبہ بندی کرنے کے لئے مکان میں جمع ہوئے تھے۔ راؤ انوار کے مطابق ہلاک دہشت گرد پولیس اور فوج پر حملوں میں ملوث تھے اور ان کا تعلق مختلف کالعدم تنظیموں سے ہے۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا جس کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جائے گا۔