اسلام آباد(یس اردو نیوز) افغانستان کیلئے جرمن نمائندہ خصوصی مارکس پوٹزیل نے دوحہ میں طالبان راہنمائوں سے ملاقات کی۔ طالبان ترجمان سہیل شاہین نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ امارت اسلامیہ کے سیاسی نائب اور سیاسی دفتر کے سربراہ جناب برادر اخوند اور ان کے وفد کی دوحہ میں افغانستان کے لئے جرمنی کے خصوصی نمائندہ مارکس پوٹزیل سے ملاقات ہوئی، مارکس پوٹزیل کے ہمراہ وفد میں مزید ارکان بھی موجود تھے۔ دونوں فریقین نے افغانستان کی موجودہ صورتحال ، دوحہ معاہدے پر عمل درآمد ، قیدیوں کی رہائی اور افغانستان سے انخلا کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وفود نے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بارے میں بات کی۔ انھوں نے بین افغان مذاکرات کے آغاز اور امن عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ جرمنی کے خصوصی مندوب نے امن عمل میں اپنے ملک کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔