اسلام آباد(ایس ایم حسنین) افغان حکومت اور طالبان کے مابین انٹراافغان مذاکرات کا اگلا دور متوقع طور پر ترکمانستان میں ہوگا.امریکا طالبان سمجھوتے کے مطابق جمعۃ المبارک کی تعطیل کی وجہ سے دوحہ مذاکرات ایک روز کیلئے معطل رہے۔ دریں اثنا دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ اور ڈپٹی چیف آف سٹاف ملا برادر اخوند سے چین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان لیو جیان نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ طالبان کی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان ڈاکٹر نعیم وردگ نے اپنے ٹوئٹر پیغام پرتفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ چینی نمائندہ خصوصی نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر خارجہ چین کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔ اس ملاقات میں افغانستان کے لئے چین کے نمائندہ خصوصی کے ساتھ باہمی بات چیت کے عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے نمائندہ خصوصی نے امن مذاکرات کے ضمن میں اپنے ملک کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے ملا برادر کو اپنے ملک کے وزیر خارجہ کی مبارکباد اور نیک خواہشات بھی پہنچائیں۔