چنئی: گزشتہ کئی ماہ سے زیرعلاج بھارتی ریاست تامل ناڈو کی وزیراعلیٰ جے للیتا دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تامل ناڈو کی وزیر اعلیٰ جے للیتا گزشتہ رات دل کادورہ پڑنے کے باعث چل بسیں، جے للیتا گزشتہ کئی ماہ سے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل تھیں جہاں ان کا علاج جاری تھا۔
جے للیتا کی موت پر ریاست میں 7 دن کا سوگ اور تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ اس دوران تمام سرکاری عمارتوں پر بھارتی پرچم بھی سر نگوں رہے گا۔
واضح رہے کہ جے للیتا کو 2014 میں کرپشن کے الزامات پر گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جب کہ انہوں نے طبیعت کی ناسازی کے باعث وزیر اعلیٰ کے اختیارات اپنے نائب کو دے دیے تھے۔