اسلام آباد (یس ڈیسک) وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ خطے کو اقتصادی اور سیاسی طور پر جوڑنے میں معاون ثابت ہوگا‘ منصوبے سے توانائی کے تحفظ اور علاقائی خوشحالی کے اہداف حاصل ہوسکتے ہیں‘ تاپی گیس منصوبہ پاکستان اور ترکمانستان اور خطے کے لئے اہمیت کا حامل ہے‘ پاکستان اور ترکمانستان کے اقتصادی تعلقات مزید بڑھانے کی ضرورت ہے‘ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلے ضروری ہیں‘ دونوں ملکوں کے پارلیمان اور پارلیمانی کمیٹیوں میں قریبی تعاون چاہتے ہیں۔ بدھ کو یہاں وزیراعظم میاں نواز شریف سے ترکمان مجلس کی چیئرپرسن اقصیٰ نور بردیوا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیراعظم ہاؤس آمد پر وفد کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے پارلیمانی وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ پاکستان اور ترکمانستان میں دوستانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں کے اقتصادی تعلقات مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکمانستان‘ افغانستان‘ پاکستان اور بھارت تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ دونوں ملکوں اور خطے کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ تاپی منصوبے سے توانائی کے تحفظ اور علاقائی خوشحالی کے اہداف حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گیس منصوبہ خطے کو اقتصادی اور سیاسی طور پر جوڑنے میں معاون ثابت ہوگا۔ دونوں ملکوں کے پارلیمان اور پارلیمانی کمیٹیوں میں قریبی تعاون چاہتے ہیں۔ وزیراعظم نے ترکمانستان کی آزادی کی پچیسویں سالگرہ پر ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمد یووف کو مبارکباد دی اور وفد کو صدر کے لئے نیک خواہشات کا پیغام بھجوایا۔ اس موقع پر مجلس ترکمانستان کی چیئرپرسن اقصیٰ نور بردیوا نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب سرجری پر ترکمانستان کے صدر کی طرف سے نیک خواہشات اور مبارکباد کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر اقصیٰ نور بردیوا نے کہا کہ ترکمانستان کے صدر قربان علی تاپی منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کے لئے خود نگرانی کررہے ہیں۔ اس موقع پر ترکمانستان کی توانائی کے نائب وزیر تج محمد گل محمد دووف نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ 2019 میں آپریشنل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کے لئے پندرہ کلومیٹر پائپ لائن بچھائی جاچکی ہے جبکہ 80کلومیٹر پائپ لائن کے لئے اراضی اور تکنیکی کام جاری ہے۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔