پشاور……نیپرا نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے بجلی ٹیرف میں ڈھائی سے سوا چار روپے فی یونٹ تک کمی کر دی ہے نیپرا نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا سالانہ ٹیرف برائے مالی سال 2015اور2016جاری کر دیا ، ٹیرف کا حتمی فیصلہ وزارت پانی وبجلی کرے گی۔
مالی سال 2015اور2016کیلئے سالانہ ٹیرف کے حصول کیلئے نیپرا نے پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا ، پیسکو کےگھریلو صارفین کے اوسط ٹیرف میں 2روپے 86پیسے فی یونٹ کمی کی گئی ہے ، کمرشل صارفین کے ٹیرف میں 4روپے 14پیسے فی یونٹ ،صنعتی شعبے کے ٹیرف میں 3روپے 24پیسے اور زرعی شعبے کیلئے بجلی ٹیرف میں 2روپے 57پسے کی کمی کی گئی ہے ۔ذرائع کےمطابق گوجرانوالہ ، اسلام آباد، سکھر اور ملتان میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے سالانہ ٹیرف کا تعین ہو چکا ہے۔ تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث تمام کمپنیوں کے رواں مالی سال کیلئے بجلی ٹیرف میں کمی کا رجحان ہے ، ذرائع کے مطابق نیپرا کی طرف سے ملک بھر کی تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے سالانہ ٹیرف کے حصول کے بعد وزارت پانی وبجلی ملک بھر کیلئے نئے یکساں بجلی ٹیرف کا نفاذ کیا کرے گی ،ذرائع کے مطابق وزارت پانی وبجلی سب سےکم بجلی ٹیرف والی کمپنی کا ٹیرف ملک بھر میں نافذ کرے گی۔