وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اوبر اور کریم ٹیکسی کمپنیوں کو رجسٹریشن کرانے کے لیے پندرہ دن کی مہلت دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترجمان کے مطابق غیر ملکی ٹیکسی سروس کی کمپنیاں پندرہ دن کے اندر قانون کے مطابق اپنی کمپنیاں رجسٹرڈ کرانے کی پابند ہونگی۔ اس سے قبل چیئرمین پی آئی ٹی بی عمر سیف نے ارفع کریم ٹاور لاہور میں پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے غیر ملکی ٹیکسی کمپنیوں پر پابندی لگانے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، جلد ہی ان کمپنیوں کے لیے نیا ٹیکس سسٹم متعارف کر ا دیا جائے گا، کمپنیوں کی سروسز سے شہر میں رش کم ہونے کے ساتھ ساتھ لاء اینڈ آرڈر کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔ چیئرمین پی آئی ٹی بی عمر سیف نے بتایا کہ یہ ٹیکسی سروسز ہماری معاونت سے ہی شروع ہوئیں،ٹیکسی سروس کوبند نہیں ریگولیٹ کیا جا رہا ہے، اس معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کمیٹی قائم کی جارہی ہے۔ دوسری جانب ڈائریکٹر ایکسائز محمد آصف نے اوبر اور کریم ٹیکسی سروس کے کنٹری منیجرز کو خط بھیجا ہے جس میں دونوں کمپنیوں کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ جیو نیوز نے آن لائن پرائیوٹ کیب سروس انتظامیہ کو لکھے گئے خط کی کاپی حاصل کر لی ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ دونوں کمپنیاں پرائیویٹ گاڑیوں کو کمرشل کے طور پر استعمال کر رہی ہیں، ایسی تمام گاڑیوں کا ریکارڈ محکمہ ایکسائز کو فراہم کیا جائے۔