اسلام آباد(یس اردو نیوز) کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کی وجہ سے پوری دنیا میں سربراہان مملک نے غیرملکی دورے یا تو منسوخ کردیے ہیں یا پھر ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ بین الاقوامی سطح پرکرونا کیخلاف احتیاطی تدابیر کے باعث تمام عالمی سیمینار اور اجلاس ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد کیے جارہے ہیں۔ اس صورتحال میں ترک صدر رجب طیب اردگان نے ذاتی طورپر اپنے وفد کے ہمراہ اہم ترین غیر ملکی دورہ کیا ہے۔وباء پھیلنے کے بعد ترک صدر رجب طیب اردگان اپنے پہلے غیرملکی دورے پر دوحہ پہنچے ہیں۔ جہاں انھوں نے دورے کے دوسرے دن امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ان کے محل میں 3 گھنٹے طویل ملاقات کی ۔اس ملاقات کے دوران دونوں اہم شخصیات کے درمیان باہمی تعلقات اور خطہ میں مشترکہ مفادات کے ضمن میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر پہنچنے پر قطر کے وزیردفاع خالد بن محمد العطیہ اور دیگر عہدیداروں نے ترک صدر کا ایرپورٹ پر استقبال کیا ۔ ترک صدر اردگان کے ہمراہ دورہ قطر پر ترکی کے وزیر خزانہ اور وزیردفاع بھی ساتھ پہنچے تھے۔ ان کے علاوہ ترکی کے ڈائریکٹر اطلاعات اور صدر کے ترجمان ابراہیم بھی موجود تھے۔ مختصر دورہ قطر کے بعد اردگان ترکی واپس روانہ ہوگئے۔