ممبئی : بھارتی میڈیا نے پریتی زنٹا کی ٹیم کنگز الیون پنجاب کے متعلق نیا پنڈورا باکس کھول دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پریتی زنٹا نے اعتراف کیا ہے کہ ان کی ٹیم کے کچھ کھلاڑی میچ فکسنگ میں ملوث تھے۔
آئی پی ایل جوے کا گڑھ تو تھا ہی مگر اس میں کون اِن اور کون آؤٹ ہوتا رہا یہ خبریں کئی بار توجہ کا مرکز بن چکی ہیں ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پریتی زنٹا نے آئی پی ایل حکام کو بتایا کہ ان کی ٹیم کے کئی کھلاڑی میچ فکسنگ جیسی مشکوک سرگرمیوں میں ملوث تھے اور یہ بات وہ جانتی تھیں مگر ثبوت نہ ہونے کے باعث منظر عام پر نہ لاسکیں۔
بھارتی میڈیا نے خبر شائع کی ہے کہ رواں ماہ ہونے والی میٹنگ میں پریتی زنٹا نے بی سی سی آئی آفیشلز اور اینٹی کرپشن بورڈ کو بتایا کہ آئی پی ایل کے متعدد میچ فکس ہوتے تھے اور کنگز الیون پنجاب کے کچھ کھلاڑی اس گھناؤنے کھیل کا حصہ بنے رہے۔
ان خبروں کے ردعمل میں اپنے ٹوئٹ کے ذریعے پریتی زنٹا نے بھارتی میڈیا کے تمام الزامات کو بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا ہے ۔ ان کا موقف ہے کہ میڈیا کو بغیر ثبوت خبر شائع کرنے کا کوئی حق نہیں ، ایسی خبروں پر نہ صرف وہ حیران ہیں بلکہ میڈیا کی اخلاقی اور صحافتی غیر ذمہ داری پر پریشان بھی ہیں۔