ایڈیلیڈ: انگلینڈ کے کوچ ٹریوس بیلس نے اسٹمپس مائیکروفون کو ہی بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔
بیلس نے کہاکہ میں دونوں ٹیموں کے درمیان فقرے بازی کے لیول پر خوش نہیں مگر ان دنوں کرکٹ ایسے ہی کھیلی جارہی ہے، میں چاہتا ہوں کہ اسٹمپس میں لگے مائیکرو فون بند کردیے جائیں کیونکہ میدان کے وسط میں ہونے والی بات چیت ہر کسی کیلیے سننا ضروری نہیں ہے۔ دونوں جانب کے کھلاڑی سمجھدار لیکن انکے درمیان انتہائی مسابقتی کرکٹ کھیلی جارہی ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات جذبات شدت اختیار کرجاتے ہیں، انھوں نے اس بات سے انکار کیا کہ وہ خاص طور پر لفظی گولہ باری سے آسٹریلوی کپتان اسمتھ کے قدم اکھاڑنے کا منصوبہ لیے میدان میں اترے تھے۔ واضح رہے کہ ایک بار میچ میں جیمز اینڈرسن اور آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ میں تلخ کلامی اس قدر بڑھ گئی کہ امپائر علیم ڈارکو مداخلت کرنا پڑی۔