اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے 7 برسوں کے دوران ملنے والی فنڈنگ کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں۔
الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر پارٹی رہنما نعیم الحق اور تحریک انصاف کے سیکرٹری فنانس اظہرطارق بھی موجود تھے۔ سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل نے پارٹی کو ملنے والے چندے کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرادیں، 5 جلدوں پر مشتمل تفصیلات میں 2010 سے 2017 تک ملنے والے چندے کے کوائف ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے تفصیلات کی رسید مانگے جانے پر پی ٹی آئی کے وکیل ثقلین حیدر کو جھاڑ پلا دی۔ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ ہمیں پارٹی فنڈنگ کی تفصیلات جمع کرانے کی رسید دی جائے، جس پر چیف الیکشن کمشنر نے غصے میں آکر جواب دیا کہ کیا ہم یہاں کوئی آڑھتی بیٹھے ہوئے ہیں، یہ ریکارڈ جمع کرانا ہماری ذمہ داری تھی یا آپ کی، آپ ہمیں ریکارڈ جمع کرانے کے پابند ہیں، اس کی کوئی رسید نہیں ملے گی، جس پر پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے چیف الیکشن کمشنر سے معذرت کرلی۔