اسلام آباد(ایس ایم حسنین)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن رہنما فردوس شمیم نقوی نے پی ٹی آئی کے اراکین سندھ اسمبلی کے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی کے ہمراہ ممبران صوبائی اسمبلی سندھ سدرہ عمران، بلال غفار، عمران شاہ اور سنجے گنجوانی شامل تھے۔ وزیر خارجہ نے اراکین سندھ اسمبلی کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا۔ملاقات میں سندھ کے تنظیمی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اراکین اسمبلی نے وزیر خارجہ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سندھ میں مشکل حالات کے باوجود آپ جس طرح موثر اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں وہ قابلِ تحسین ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کیلئے یوم استحصال کو بھرپور انداز میں منانے اور بہترین خارجہ پالیسی کو بروئے کار لاتے ہوئے مودی سرکار کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے پر وزیر خارجہ کو مبارکباد پیش کی۔ شمیم نقوی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو پاکستان کا سیاسی نقشہ جاری کیا انشاءاﷲ بہت جلد وہی حقیقی نقشہ بنے گا۔