لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کی قیمتی گھڑی کوٹ لکھپت جیل سے چوری ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کی قیمتی گھڑی چوری ہوگئی جس پر آئی جی جیل خانہ جات نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق عبد العلیم خان کی گھڑی کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے جسے ان کے والد نے انہیں تحفے میں دیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ علیم خان نے گھڑی چوری ہونے کا ذمہ دار جیل حکام کو ٹھہرایا جبکہ جیل حکام کے ذرائع کا کہنا ہے کہ گھڑی چوری ہونے میں علیم خان کی اپنی ذاتی غفلت ہے۔ دوسری جانب جیل مینوئیل کے مطابق کوئی بھی قیدی اپنے پاس قیمتی اشیا نہیں رکھ سکتا، ایسے میں علیم خان کو بھی اتنی قیمتی گھڑی اپنے پاس نہیں رکھنی چاہئیے تھی اور جیل مینوئیل کی پاسداری کرنی چاہئیے تھی۔ یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کو رواں برس فروری کے مہینے میں نیب نے حراست میں لیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان کو نیب آفس لاہور میں آمدن سے زائد اثاثے، آف شور کمپنیز اسکینڈل اور پیسوں کی منتقلی کے حوالے سے تفتیش کے لیے ذاتی حیثیت میں طلب کیا گیا تھا، جس کے لیے وہ نیب آفس پہنچے جہاں انہیں نیب نے گرفتار کر لیا تھا۔ نیب کی جانب سے گرفتاری کے بعد علیم خان نے اپنی وزارت سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ قبل ازیں علیم خان وزیر بلدیات اور کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پنجاب کے طور پر کام کر رہے تھے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ علیم خان کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے اعلیٰ رہنماؤں میں ہوتا ہے جبکہ علیم خان کو وزیراعظم عمران خان کا بھی کافی قریبی ساتھی سمجھا جاتا ہے۔