کہتے ہیں جھوٹ اتنا بولو کہ سچ کا گمان ہونے لگے ، اس طرز عمل پر گامزن بھارت نے 2016میں کئے گئے اپنے جھوٹے دعوے کو سچ ثابت کرنے کیلئے پاکستان میں کئے گئے سرجیکل اسٹرائیک کے موضوع پر فلم بنانےکا اعلان کیا ہے ۔ستمبر2016کے آخر میں بھارت نے جھوٹا دعویٰ کیا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر آزاد کشمیر کی جانب سے کچھ تخریب کاروں نے جموں وکشمیر میں داخل ہو کر بھارتی فوج پر حملہ کرنے کے لئے پوزیشنیں لے رکھی ہیں جس پر بھارتی فوج نے سرجیکل اسٹرائیک کیا جس میں اہم ہلاکتیں ہوئیں،سرجیکل اسٹرائیک میں در انداز وں کے سہولت کار بھی شامل تھے۔تاہم پاکستان اور پاک فوج نے بھارتی جھوٹے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ کنٹرول لائن پر کوئی سرجیکل آپریشن نہیں ہوا بھارت کی جانب سے جھوٹا بولا جارہا ہے، بھارت نے کراس فائرنگ کو سرجیکل آپریشن کا نام دیا ہے ، بھارت کو کہیں بھی ایسی کارروائی کا منہ توڑ جواب ملے گا۔پاکستان کی جانب سے بعد ازان اس علاقے کا مختلف ممالک کے نمائندوں کو دورہ بھی کرایا گیا تھا جہاں بھارتی دعوے کی نفی ہو رہی تھی لیکن بھارت بضد ہے کہ اس نے لائن آف کنٹرول پر آزاد کشمیر کی جانب سرجیکل اسٹرئیک کیا تھا اور اس جھوٹے دعوے پر اب بھارت میں فلم بھی بنائی جا رہی ہے۔اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بھارتی اداکار پاریش راول نے پیغام دیا ہے کہ وہ اپنی اگلی فلم’’اڑی‘‘ میں بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دودل کا کردار ادا کریں گے، رونی سکروالا کی پروڈیوس کر دہ فلم کا موضوع 2016 میں لائن آف کنٹرول پر آزاد کشمیر کی جانب سرجیکل اسٹرئیک کا جھوٹادعویٰ ہے۔