پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا ہےکہ نوازشریف بار بار کہتے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہے وہ ہمیں بتائیں کون سازش کررہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ انہوں نے خود کہا عدالت جو فیصلہ کرے گی ہم قبول کریں گے لیکن آج عدالت کے فیصلے کو سازش قرار دیا جا رہا ہے، اس فیصلے کی روشنی میں میاں صاحب کو عہدے سے الگ ہونا پڑا، عدالت نے فیصلہ دیدیا لیکن یہ لوگ فیصلے کے ساتھ جو کررہے ہیں وہ دنیا دیکھ رہی ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ نواز شریف بار بار یہ بات کرتے ہیں کہ ان کےخلاف سازش ہوئی ہے، ہم ان سے پوچھتے ہیں بتائیں کون ان کے خلاف سازش کررہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میاں صاحب آپ نے بھی ایک صدر کو نکالا تھا، ایک چیف جسٹس کو گھربھجوایا تھا، ابھی توآپ کے خلاف صرف ایک فیصلہ آیا، آپ کہہ رہے ہیں ملک کے لیے بہت خطرات ہیں۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم نے بار بار کہا آپ کو خطرات ہیں تو قومی قیادت کو بتانا چاہیے، میاں صاحب ابھی لاڈلے ہیں ابھی بھی آپ پر ہاتھ ہولا ہے، نواز شریف کنٹینر کنٹینر کرتے خود کنٹینر پر چڑھ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو 5 ججوں نے متفقہ طور پر گھر بھیجا، آپ کے خلاف ریفرنس ہونے جا رہا ہے اس لیے پریشان ہیں، میاں صاحب اپنے خلاف کیسوں میں دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں، پارلیمانی فلور پر آپ نے قانون سازی نہیں کی تو آپ ذمےدار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب سابق وزیراعظم ہیں انہیں اس حد تک سیکیورٹی دینا جائز ہے، نواز شریف نا اہل ہوچکے جو نااہل ہوجائے وہ پارٹی کا سربراہ نہیں ہوتا۔ دوسری جانب قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہےکہ کئی بارکہاکہ میاں صاحب طاقت کے بجائے پارلیمنٹ پربھروسہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نااہل قرار دے چکی اب خود کو بچانے کا یہی طریقہ تھا، نوازشریف نےعوام کی رائے اور سوچ کو سمجھنے میں بہت دیر کردی۔