کراچی پولیس نے نیشنل ہائی وے پر دس گھنٹے تک ٹریفک بند رہنے کا سبب بننے والا احتجاج ختم کرا دیا اور ٹریفک بحال کرا دی، پولیس کی شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کے بعد ملیر 15 سے مظاہرین پسپا ہوگئے،نیشنل ہائی وے کے دونوں ٹریک بحال ٹریفک معمول پر آنا شروع ہوگئی ہے ۔
ڈی آئی جی ایسٹ کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی وے سےپسپا ہونے والے مظاہرین نے گلیوں سے پولیس پر پتھراؤ کیا، جس سے 3پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ کئی مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لیا ہے۔
اس سے قبل نیشنل ہائی وے پر دھرنا ختم کرنے اور ٹریفک بحال کرانے کے لیے کئی گھنٹوں تک مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی گئی، مظاہرین کی جانب سے مذاکرات کا مثبت جواب نہ آنے پر بالآخر پولیس کو ایکشن لینا پڑا۔
ملیر پندرہ کی گلیوں میں یہ آنکھ مچولی دیر تک جاری رہی، اس کشیدگی کی وجہ سے ٹریفک کی روانی بھی بحال نہ ہوسکی تھی تاہم پولیس نے ٹرینوں کی آمدورفت معطل کرنے والے مظاہرین کو بھی منتشر کر کے ٹریک بھی کلیئر کردیا ہے۔