تین سماعتوں کے بعد نادرا وکیل نہ کر سکا، کیا وکیل کرنے کیلئے نادرا کو چندہ جمع کر کے دیں :جسٹس عظمت سعید
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ملازم کو نوکری سے ہٹائے جانے کیخلاف کیس میں نادرا کی جانب سے وکیل نہ کرنے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے،، عدالت کا کہنا ہے آئندہ سماعت پر وکیل کریں یا چیئرمین نادرا خود پیش ہوں ۔ جسٹس عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے نادرا ملازم رحیم اللہ جان کو نوکری سے ہٹائے جانے کیخلاف کیس کی سماعت کی ۔ عدالت نے نادرا کی جانب سے وکیل نہ کیے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ تین سماعتوں کے بعد نادرا وکیل نہ کر سکا ، نادرا کی یہ مستعدی متاثر کن ہے ، کیا نادرا کے پاس وکیل کرنے کے پیسے نہیں ، ؟ وکیل کرنے کے لیے نادرا کو چندہ اکٹھا کر دیں ۔ عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر وکیل کریں یا پھر چیئرمین نادرا خود پیش ہوں ۔ مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔