افغانستان میں بدامنی کا ذمہ دار بھارت ہے، پاکستان کی قربانیاں تسلیم کئے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا: ترجمان نفیس زکریا کا ردعمل
اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابل میں دہشت گردی کرا کے اسے ہمارے خلاف استعمال کیا گیا، دہشتگردی کے سدباب میں پاکستان کی قربانیاں تسلیم کئے بغیر آگے نہیں بڑھا جا سکتا، امریکی جنرل اور سکیورٹی ذمہ داروں نے تسلیم کیا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کی پناہ گاہیں نہیں ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ دہشتگردوں کی پناہ گاہیں اور نیٹ ورک افغان سرزمین پر سرگرم ہیں، خطے میں دہشت گردی کا رجحان عالمی رجحان کے عمل کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا بھارت کا افغانستان میں معاشی ترقی میں کردار حقائق کے منافی ہے، افغانستان کے مسئلے اور یہاں دہشتگردی کے رجحان میں بھارت ہی اصل مسئلہ ہے، پاکستان نے افغانستان میں تعمیر نو کے عمل میں کردار ادا کیا۔
نفیس زکریا نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے 500 ملین ڈالر افغان سکولوں اور ہسپتالوں پر خرچ کئے، پاکستانی سرزمین کو دہشتگردی سے پاک کرنے میں ضرب عضب اور ردالفساد کا اہم کردار ہے، دنیا افغانستان میں امن کے لئے ہماری کمٹمنٹ کو سراہتی ہے، افغانستان میں دہشتگردی کے واقعات کی بڑی وجہ بھارت اور اس کی خفیہ ایجنسیاں ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ذمہ دار ملک کی طرح امریکہ، نیٹو اور دیگر علاقائی قوتوں سے مل کر کام کیا، طالبان کے ترجمان احسان اللہ احسان نے دہشت گردی کے ٹریننگ سنٹر بھارتی سرپرستی میں چلنے کا اعتراف کیا، سیاسی لیڈرشپ کے بیانات اپنی جگہ لیکن حکومت کو سوچ سجھ کر لائحہ عمل تیار کرنا پڑتا ہے۔ نفیس زکریا نے کہا بھارت مثبت کردار ادا کرنے کے بجائے مذموم مقاصد کیلئے افغان سرزمین کو استعمال کر رہا ہے، عالمی قوتوں کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ بھارت مسئلے کے حل کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کر رہا۔