لاہور (یس ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے پوری قوم یکجا ہے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا چن چن کر خاتمہ کرکے ملک کو حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
لاہور میں برطانوی ہائی کمشنر نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں شخصیات کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں بچوں اور اساتذہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کےخون سےہاتھ رنگنےوالے درندوں نےظلم کی انتہا کی۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے ناسور کے خاتمے کے لئے پوری قوم یکجا ہے، اس کے علاوہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے بھی نیشنل ایکشن پلان پراتفاق کرکے اتحاد کا مظاہرہ کیا، افواج پاکستان دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کررہی ہیں۔
دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا چن چن کر خاتمہ کرکے ملک کو حقیقی معنوں میں امن کا گہوارہ بنائیں گے۔