بیجنگ (یس ڈیسک) پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف کہتے ہیں کہ دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑنے کےلیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بیجنگ میں چین کے وائس چیرمین سینٹرل ملٹری کمیشن سے ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کی اعلیٰ ترین عسکری قیادت نے خطے میں امن و امان کی صورت حال اور ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے باہمی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے دوران وائس چیرمین سینٹرل ملٹری کمیشن نے پاکستان کو دہشت گردی کےخلاف جنگ میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین اہم اسٹریٹجک پارٹنر ہیں، چین دہشت گردی کے خلاف پاکستانی قوم کی قربانیوں اورقومی اتفاق رائے کو سراہتاہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، دہشت گردی کوجڑ سے اکھاڑنے کےلیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ اس سلسلے میں ضرب عضب دہشتگردوں کے خلاف بلاتفریق اور فیصلہ کن کارروائی ثابت ہورہا ہے۔