پشاور : وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ دہشت گردی دنیا بھر میں پھیل چکی ہے جب کہ پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی کے خلاف تحفظ دیا تاہم دنیا کو بھی ہمارے لیے ڈومور کرنا ہوگا۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانی دی ہیں جس کا اعتراف پوری دنیا کرتی ہے جب کہ دہشت گرد مسلمان کہلانے کے لائق ہیں اور نہ ہی انسان تاہم دہشت گردوں کا پیچھا کیا جارہا ہے اور ان کے ہمدردوں، مددگاروں اور معاون کاروں کو ایک ایک کرکے پکڑا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پوری دنیا میں پھیل چکی ہے جب کہ پاکستان نے دنیا کو دہشت گردی کے خلاف تحفظ دیا تاہم اب دنیا کو بھی ہمارے لیے ڈومور کرنا ہوگا۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کو کسی حد تک ختم کیا جاسکتا ہے لیکن اس کا مکمل خاتمہ ہمسائیہ ممالک کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ہےجب کہ افغانستان نے ہمیں مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے اور ہم ان کے فیصلے کو سراہتے ہیں، حکومت افغان حکام کو پشاور حملے کے شواہد بھی فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو روکنا ہوگا کہ وہ کسی بھی دوسرے ملک میں گھس کر کارروائیاں نہ کریں اور ہم تو یہ عہد کرچکے ہیں کہ ہم اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے بلکہ اس کے لیے باقاعدہ قانون بھی بن چکا ہے جس کے تحت دہشت گردی میں ملوث فرد کو پاکستانی نہیں سمجھا جائے گا۔