ایف سی بلوچستان اورانٹیلی جنس اداروں نے آپریشن ’ردالفساد‘ کے تحت بلوچستان میں کارروائی کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں برآمد کرلیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آپریشن ’ردالفساد‘ کے تحت ایف سی بلوچستان اور انٹیلی جنس اداروں نے بلوچستان کے ضلع لورا لائی کے قریب کلی شاہ کاریز میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ یہ کارروائی دہشتگرد کمانڈر وہاب ذخبیل کی زیر قیادت کالعدم تنظیم جماعت الاحرار اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے نیٹ ورک کے خلاف عمل میں لائی گئی۔
اس خبر کو بھی پڑھیں : پاک فوج کا ملک بھر میں آپریشن ’’رد الفساد‘‘ شروع
آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے 23 بارودی سرنگیں برآمد کرلیں، جن کے ذریعے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے ادارے کی گاڑیوں اور لورا لائی یونیورسٹی کے طلبا کی بسوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنادیئے۔
واضح رہے کہ پاک فوج نے گزشتہ روز ملک بھر میں جرائم پیشہ افراد، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف آپریشن رد الفساد شروع کیا ہے۔