کراچی: بلاول بھٹو زرداری اور کور کمانڈر کراچی جنرل نوید مختار کی ملاقات ہوئی جس میں ٹارگٹڈ آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چئیرمین پیپلز پارٹی نے یقین دہانی کرائی ہے کہ دہشتگردوں، کرپشن اور لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی میں بھرپور ساتھ دیں گے۔ کراچی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس سندھ میں اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے کور کمانڈر کراچی جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز اور پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری بھی پہنچے۔
اجلاس سے پہلے بلاول بھٹو زرداری اور کور کمانڈر جنرل نوید مختار کی ملاقات ہوئی جس میں وزیر اعلیٰ سندھ اور ڈی جی رینجرز بھی شریک ہوئے۔ ملاقات میں ٹارگٹڈ آپریشن اور امن و امان پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں چئیرمین پیپلز پارٹی نے دہشت گردی، کرپشن اور لینڈ مافیا کے خلاف کارروائی میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے دہشتگردی کے خلاف جانیں دیں، امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ساتھ دیں گے، اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے لیے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد بھی وزیر اعلیٰ ہاؤس پہنچے۔