راولپنڈی : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت سے پاک پاکستان کا اصل مقصد اور ہدف ہر صورت حاصل کریں گے جب کہ دہشت گردوں کو دوبارہ پاؤں جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں بر سر پیکار جوانوں کے ساتھ مصروف دن گزارا اور دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی اداروں کے جوانوں اور قبائلی لوگوں کے عزم کو سراہا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت سے پاک پاکستان کا اصل مقصد اور ہدف ہر صورت حاصل کریں گے، خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کا زور توڑ دیا اور دہشت گردوں کو پاک افغان سرحدتک محدود کردیا ہے، صرف فاٹا، خیبر ایجنسی اور وزیرستان سے نہیں بلکہ پورے پاکستان سے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ امن کی بحالی کے لئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گردوں کے ہمدرد، مالی معاونت اور سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، دہشت گردوں کو دوبارہ پاؤں جمانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔