اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے ایک سال کو فتح کا سال قرار دے دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے قوم کے مستقبل کے لئے اپنا آج قربان کر دیا، شہداء کے خاندانوں نے عظیم قربانیاں دیں، قوم پاک فوج عزت کی نگاہ سے دیکھتی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کا ایک سال فتح کا سال ہے اور دہشت گردوں کے خلاف یہ آپریشن اب آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے، اللہ پاکستان کی نگہبانی کرے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا جس میں اب تک 2ہزار 763 دہشت گرد ہلاک جبکہ سیکڑوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔