کوئٹہ: کوئٹہ میں ائیر بیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا گیا۔ کوئٹہ میں 4 نامعلوم دہشتگردوں نے سمنگلی ائر بیس کے قریب پولیس ناکہ پر فائرنگ کی، جوابی فائرنگ میں 2 دہشتگرد ہلاک جبکہ دو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سمنگلی ائیر بیس کے قریب واقع پولیس ناکے پر رات گئے نامعلوم چار دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو دہشت گرد مارے گئے اور دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش اور گرفتاری کے لیے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا گیا تھا۔واقعہ میں ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کر دی گئیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل دہشتگردوں نے رات گئے وادی شوال کی مکی گڑھ پوسٹ کو نشانہ بنایا تھا جسے پاک فوج نے ناکام بنا دیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مؤثرجواب سے دہشتگردوں کے اس حملے کو پسپا کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوا۔دوسری جانب ترجمان پاک فوج کے مطابق اس سے قبل خڑکمر پوسٹ پرہونے والے حملے کے بعد پیٹرولنگ کے دوران بویا میں نالے سے گولیاں لگی پانچ لاشیں برآمد ہوئی تھیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ یہ لاشیں گذشتہ روز حملے کا نشانہ بننے والی خاڑ کمر چیک پوسٹ سے ڈیڑھ کلو میٹر کے فاصلے سے ملیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ گذشتہ روز رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ساتھیوں سمیت سکیورٹی اہلکاروں کی چیک پوسٹ پر حملہ کر دیا تھا جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار زخمی ہو گئے تھے تاہم جوابی کارروائی میں تین حملہ آور مارے گئے جبکہ دس افراد زخمی ہوئے تھے۔