کوئٹہ (ویب ڈیسک) گزشتہ جمعہ کوکراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملے میں شہید ہونیوالے کوئٹہ کے کاروباری شخص کی فیملی نے مالی امداد کا مطالبہ کردیا۔ ڈیلی بلوچستان ایکسپریس کے مطابق کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ٹریڈرزایسوسی ایشن کے صدر عبدالرحیم کاکڑ اور شہید تاجر کے فیملی ممبران حضرت علی اچکزئی ، حاجی اللہ داد، احمد شاہ ، رحمت اللہ اور دیگر نے کہاہے کہ صوبائی حکومت کا رویہ قابل مذمت ہے ۔ان کاکہناتھاکہ نہ ہی سندھ اور نہ ہی بلوچستان حکومت نے انہیں ایمبولینس فراہم کی اورنہ ہی پیاروں کی لاشیںواپس لانے کے لیے کوئی اور تعاون کیا۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ دس بجے پیش آیا لیکن سانحے کے بارہ گھنٹے بعد لاشیں فراہم کی گئیں جس سے حکومت کی غفلت ثابت ہوتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیاکہ شہید کے ورثاکو بھی اسی طرح کی مالی معاونت دی جائے جس طرح دیگر لوگوں کو دی جارہی ہے ، اگرحکومت ہمارے مطالبات پورے نہیں کرتی تو ہم احتجاج شروع کریں گے۔