راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغان سفیر عمر زخیل وال نے ملاقات کی ہے۔ آرمی چیف نے افغانستان میں دہشتگردی کے واقعات میں انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے رنج کا ظہار کیا۔ سپہ سالار کہتے ہیں کہ دہشت گرد خطے میں ہماری امن کی خواہش کو کمزور نہیں کر سکتے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زخیل وال نے اہم ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں آرمی چیف کے دورہ کابل کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے افغانستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم غم زدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ دہشتگرد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں۔ دونوں ممالک کو دہشت گردی سے بھاری جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس عزم کا بھرپور اعادہ کیا کہ دہشت گرد خطے میں ہماری امن کی خواہش کو کمزور نہیں کر سکتے۔