کراچی (یس ڈیسک) کراچی میں قیام امن کیلئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ ملک اس وقت مزید کسی دہشتگردی کا متحمل نہیں ہوسکتا اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف تمام مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجے جائیں، اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ ہماری اپنی ہے اور ہم سب کو مل کر یہ جنگ لڑنی ہے۔
ہمیں اگر اس ملک کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو ہمیں ملک سے دہشتگردی کا مکمل صفایا کرنا ہو گا، ہمیں دہشتگردی کے ناسور کو مشترکہ کوششوں سے ختم کرنا ہو گا اور اس کیلئے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر کام کرنا ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاک فوج کئی ماہ سے مسلسل دہشتگردی کیخلاف جنگ لڑ رہی ہے اور اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
عوام کا تعاون رہا تو ملک سے بہت جلد دہشتگردی کا مکمل صفایا کر کے امن و امان بحال کر دیں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ ٹائون افسوس ناک ہے لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعے کی مکمل انکوائری کے بعد انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے اور ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس وقت حالات ایسے ہیں کہ ہم دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کسی صورت ناکامی کے متحمل نہیں ہو سکتے۔