بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی، شدت پسندی آج کی دنیا کے بڑے خطرات ہیں، اقوام عالم کو تمام دہشت گردوں سےآہنی ہاتھوں سے نمٹنا چاہیے۔
نئی دلی میں سترہویں عالمی چیف جسٹس کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے راج ناتھ کا کہنا تھا کہ آج کل زیادہ تر تشدد مذہب کے نام پر کیا جارہا ہے، تشدد مذہب کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے، دہشت گردی، شدت پسندی آج کی دنیا کے بڑے خطرات ہیں، ہزاروں لوگ دہشت گردی کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں۔
عالمی رہنماؤں کو انسانیت کی دشمن اس لعنت کے خلاف متحد ہو کر لڑنا ہوگا، دہشت گرد دہشت گرد ہوتا ہے اچھا یا برا نہیں، ہلاکت خیز ہتھیاروں اور جوہری ہتھیاروں کی دوڑ بھی دنیا کے لیے بڑے خطرات ہیں۔