کولمبو : بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تو بھارت کو آغاز میں ہی دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا۔ آئوٹ ہونے والے پہلے بلے باز مرلی وجے تھے جو پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
ٹیم میں واپس آنے والے مرلی کوئی رن نہ بنا سکے اور پرساد کو وکٹ دے بیٹھے۔ سری لنکا کو دوسری کامیابی بھی پرساد نے ہی پانچویں اوور میں دلوائی جب اجنکیا ریہانے چار رنز بنانے کے بعد کرونارتنے کو کیچ دے کر آئوٹ ہو گئے۔ تاہم اس موقع پر لوکیش راہول نے ویرات کوہلی کے ساتھ مل کر ٹیم کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کے لئے 164 رنز کی شراکت قائم کی۔
اس شراکت کو پہلے ٹیسٹ میچ کے سری لنکن ہیرو سپنر رنگانا ہیراتھ نے توڑا۔ انھوں نے کوہلی کو 78 کے انفرادی سکور پر اینجلو میتھیوز کے ہاتھوں کیچ کروا کے سری لنکا کو تیسری کامیابی دلوائی۔ 23 سالہ لوکیش نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے بنائی اور 108 رنز بنانے کے بعد چمیرا کی پہلی وکٹ بنے۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں دونوں اننگز میں ناکام رہنے والے لوکیش نے اس بار عمدہ بلے بازی کی اور دلکش سٹروک کھیلے۔ سٹوئرٹ بنی دس رنز ہی بنا سکے اور رنگانا ہیراتھ کی گیند پر چمیرا کے ہاتھوں کیچ ہوئے۔ روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیسری نصف سنچری دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے بنائی اور 79 رنز بنانے کے بعد میتھیوز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔