دبئی : آئی سی سی نے تازہ ٹیسٹ رینکنگ جاری کر دی ہے، بنگلہ دیشی اور جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے رینکنگ میں بہتری پیدا کر لی۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے سٹیون سمتھ کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ قومی تجربہ کار بلے باز یونس خان ساتویں نمبر پر براجمان ہیں۔
جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی ایک درجہ کامیابی حاصل کرکے 18 ویں پوزیشن پر ہیں۔ بنگلہ دیش کے تمیم اقبال ایک درجہ ترقی کرکے 26 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ باؤلنگ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے ڈیل سٹین سرفہرست ہیں۔
نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ کی بغیر کسی تبدیلی کے دوسری پوزیشن ہے جبکہ پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ کا تیسرا نمبر ہے۔ جنوبی افریقہ کے سائمن ہارمر نے 17 درجہ کامیابی کے بعد 48 ویں پوزیشن حاصل کر لی ۔ آل رائونڈر کیٹگری میں بنگلہ دیش کے شکیب الحسن کا پہلی پوزیشن پر راج برقرار ہے ۔ جنوبی افریقہ کے فیلانڈر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔