دبئی : پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ڈے اینڈنائٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک کالی آندھی نے چھے وکٹوں پر تین سو پندرہ رنز بنا لیے ہیں۔ شین ڈورچ اور جیسن ہولڈر کریز پر موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز نے انہتر رنز ایک کھلاڑی آوٹ سے تیسرے دن کا کھیل شروع کیا۔ براتھویٹ انفرادی سکور میں ایک رن کا اضافہ کیے بغیر یاسر شاہ کا دوسرا شکار بن گئے جبکہ مارلن سیموئلز نے مزاحمت کرتے ہوئے چھہتر رنز کی اننگز کھیلی اور سہیل خان کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ ویسٹ انڈیز کے ڈیرن براوو نے بھی ستاسی رنز اسکور کیے اور محمد نواز کے ٹیسٹ کیرئیر کا پہلا شکار بن گئے۔
جرمین بلیک ووڈ سینتیس اور روسٹین چیز چھے رنز بنا کر وہاب ریاض کے ہاتھوں آو¿ٹ ہوئے۔ تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر شین ڈورچ ستائیس اور کپتان جیسن ہولڈر دس رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں دو سو چودہ رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔
پاکستان نے دوسرے روز اظہر علی کی شاندار ٹرپل سنچری کی بدولت پانچ سو اناسی رنز تین کھلاڑی آوٹ پر اننگز ڈکلیئر کی تھی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز اپنی تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کھیل رہے ہیں جبکہ پاکستان کا یہ چارسواں ٹیسٹ میچ بھی ہے۔