برطانیہ میں ہائی اسٹریٹ اسٹورز بند ہونے کی شرح 2010 کے مقابلے میں کمترین سطح پر آگئی ہے لیکن اس کے باوجود روزانہ کم وبیش 14 ہائی اسٹریٹ اسٹور بند ہو رہے ہیں۔
نئی ریسرچ کے مطابق برطانیہ کے 500 ٹائون سینٹرز کے 67 ہزار 521 چین اسٹورز کے تجزیئے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سال کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 2 ہزار 564 اسٹور ز بند کردئے گئے۔ رپورٹ کے مطابق چیرٹی شاپس ،شو اسٹورز، گفٹ شاپس اور خواتین کے ملبوسات کے ریٹیل اسٹورز سب سے زیادہ متاثر ہوئے تاہم اسٹورز کی بندش کی یہ شرح 2010 کے بعد سب سے زیادہ کم ہے اس دوران نئی دکانیں کھولے جانے اور ان کی بندش کے درمیان فرق بھی بہت کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2016 کی پہلی ششماہی کے دوران 222 نئے اسٹور کھولے گئے جبکہ 503 اسٹور بند کئے گئے۔