لاہور: دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سکواڈ کو حتمی شکل دے دی ، سکواڈ میں 16 کھلاڑی اور 10 آفیشل شامل ہیں، احمد شہزاد ، عمر اکمل اور شعیب ملک ایک مرتبہ جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے۔
انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ کی مشاورت کے بعد دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستانی ٹیم کا اعلان کیا ہے ، چیف سلیکٹر انضمام الحق کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کے لئے قومی سکواڈ کا اعلان وہاں کی کنڈیشنز اور کھلاڑیوں کی انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف حالیہ پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔
سلیکشن کمیٹی کے جانب سے اعلان کردہ کھلاڑیوں میں کپتان مصباح الحق، اظہر علی ،سمیع اسلم ،شرجیل خان ، یونس خان ، اسد شفیق ، بابر اعظم ، سرفراز احمد، محمد رضوان ، یاسر شاہ ، محمد نواز ، محمد عامر ، وہاب ریاض ، راحت علی ، سہیل خان اور عمران خان جونئیر شامل ہیں۔
ٹیم آفیشلز میں مکی آرتھر ہیڈ کوچ ، گرانٹ فلاور بیٹنگ کوچ ، سٹیورکسن فیلڈنگ کوچ ، وسیم باری منیجر اور اظہرمحمود بائولنگ کوچ ،گرانٹ لوڈن فٹنس کوچ ، شاہد اسلم انچارج ٹور آپریشنز ہوں گے۔
لیفٹیننٹ کرنل (ر) احمد ایاز سیکیورٹی منیجر کے فرائض انجام دیں گے ، شین ہیز فزیوتھراپسٹ اور طلحہ اعجاز بطوراینالسٹ ٹیم کے ساتھ جائیں گے۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم چار اور پانچ نومبر کی درمیانی شب دبئی سے نیوزی لینڈ روانہ ہوگی ، قومی ٹیم دورہ نیوزی لینڈ میں دو ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔