نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) موٹاپے کو کم کرنا انتہائی کٹھن کام ہے لیکن امریکہ میں ایک لڑکی، جس کا وزن 300کلوگرام تک جا پہنچا تھا، نے اپنا وزن اس قدر کم کر لیا اور کہ دیکھ کر آپ پلکیں جھپکنا بھول جائیں گے۔ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق 24سالہ امبر ریشڈی نامی اس لڑکی کا وزن لڑکپن سے ہی بڑھنا شروع ہو گیا تھا جو 23سال کی عمر کو پہنچ کر 300کلوگرام سے زائد ہو گیا اور وہ گوشت کا پہاڑ بن کر رہ گئی۔اس ک لیے خود سے ہلنا جلنا بھی ممکن نہ رہا تھا۔وہ 2015ءمیں ایک ٹی وی شو ’ٹی ایل سی‘ میں شریک ہوئی جس کے بعد اس نے اپنا وزن کم کرنے کا تہیہ کر لیا۔سب سے پہلے اس نے اپنی غذائی عادات تبدیل کیں اور ہاتھ پاﺅں چلانے شروع کر دیئے۔پھر اس نے گیسٹرک بائی پاس سرجری کروائی۔ گزشتہ دنوں وہ دوبارہ اسی شو میں شریک ہوئی اور ناظرین اسے دیکھ کر ہکا بکا رہ گئے۔ انہیں اپنی آنکھوں پر یقین ہی نہیں آ رہا تھا کہ یہ وہی امبر ریشڈی ہے جو دو سال پہلے ہل بھی نہیں سکتی تھی اور اب نارمل لڑکی بن چکی تھی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ امبر نے انتہائی کٹھن ورزش، ڈائٹنگ اور سرجری کے ذریعے اپنے وزن میں 200کلوگرام سے زیادہ کمی کر لی تھی اور اب اس کا وزن 100کلوگرام سے کم رہ گیا تھا۔شو میں امبر کا کہنا تھا کہ ”میرا وزن کم کرنے میں گیسٹرک بائی پاس سرجری کا سب سے زیادہ عمل ہے۔اس سے معدے کی گنجائش، لیپٹن سائیکل اور جسم میں انسولین کا اخراج کم ہو جاتا ہے جس سے موٹاپے پر قابو پانے میں بے حد مدد ملتی ہے۔اس کے علاوہ اپنی غذائی عادات کو تبدیل کرنا اور ورزش کا ایک معمول بنانا بھی میرے لیے بہت بڑا چیلنج تھا۔“