counter easy hit

ملک بھر میں 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

قوم آج 70واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے اور ملک میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقاریب کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے۔

The 70th Independence Day is being celebrated in all over the country

The 70th Independence Day is being celebrated in all over the country

آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21-21 توپوں کی سلامی سے ہوا، نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی، یکجہتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور کشمیریوں کی دیرینہ جدوجہد میں کامیابی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب  کا انعقاد پارلیمنٹ ہاؤس کی بجائے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں کیا گیا جس میں صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پرچم کشائی کی رسم ادا کی۔

تقریب میں چیئرمین سینٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، وفاقی وزرا، مسلح افواج کے سربراہان، اراکین پارلیمان، سفارتی نمائندے اورسینئر حکام نے بھی شرکت کی۔ چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ بھی یوم آزادی کی قومی تقریبات میں شرکت کے لئے خصوصی طور پر اسلام آباد آئے اور انہوں نے کنونشن سینٹر میں تقریب سے خطاب بھی کیا۔

یوم آزادی کے موقع پر شاہراہ دستور پر واقع ایوان صدر، پارلیمنٹ ہاؤس، سپریم کورٹ، وزیراعظم آفس، پاک سیکرٹریٹ اور دیگر عمارتوں کو نہایت خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ڈی چوک کو بھی کھول دیاگیا ہے‎۔ قبل ازیں پرچم کشائی کی تقریب 17 سال بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں منعقد کرنے کی چیئرمین سینٹ کی تجویز سےوزیراعظم نے اتفاق کیا تھا اس سلسلے میں انتظامات بھی کرلئے گئے تھے لیکن خراب موسم کی وجہ سے یہ تقریب حسب سابق کنونشن سینٹر میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کراچی میں گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر سندھ کابینہ کے اراکین اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُر وقار تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں پاک بحریہ کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے جب کہ اس سے قبل پاکستان ملٹری اکیڈمی کے جوان گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار پر پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری، کمانڈر سدرن کمانڈ، اسپیکر بلوچستان اسمبلی، صوبائی وزرا، اراکین، اعلیٰ سول و فوجی حکام اور دیگر عمائدین و شخصیات نے بھی شرکت کی۔

پشاور سول سیکرٹریٹ میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے پرچم کشائی کی۔تقریب میں وزرا اور دیگر سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔

لاہور کے حضوری باغ میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی انتھک محنت سے وجود میں آیا جس کے لئے لاکھوں افراد نے قربانیاں دیں۔ وفاقی دارالحکومت کے ایف نائن پارک میں آج دوپہر ایک بجے ایئر شو کا انعقاد کیا جائے گا جس میں  پاک فضائیہ کے ساتھ ساتھ برادر اسلامی ملک سعودی عرب اور ترک فضائیہ کے جدید جنگی طیارے بھی حصہ لیں گے۔ تینوں فضائیہ کے طیارے فضا میں بل کھاتے اور مختلف فارمیشنز بنا کر رنگوں کی صورت کرتب دکھا کر شہریوں کو محفوظ کریں گے۔

ملک کے کونے کونے میں سبز ہلالی پرچم کی بھرمار نظر آرہی ہے اور جگہ جگہ سبز ہلالی پرچم، بیج، جھنڈیوں اور دیگر مختلف اشیا کی فروخت کے اسٹال لگائے گئے ہیں اور سرکاری ونجی عمارتوں پر چراغاں بھی کیا گیا ہے۔ راولپنڈی میں پرچم کشائی کی سرکاری تقریب کمشنر ہاؤس، ڈپٹی کمشنر ہاؤس، لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی سمیت دیگر مقامات پر ہوئی۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈی سی او آفسز پر لائٹس لگا دی گئیں ہیں۔ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر راولپنڈی کی سٹرکوں پر بینرز آویزاں ہیں جن پر قائد اعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، فاطمہ جناح، سرسید احمد خان، چوہدری رحمت علی اور دیگر قائدین کی تصاویر پرنٹ ہیں۔

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website