سندھ میں 80 سالہ وزیراعلیٰ کے بعد 80 سالہ گورنر آگئے ہیں، صوبے کے دو اہم عہدوں پر وزیراعلیٰ اور گورنر کی عمروں کا فرق ایک بار پھر بڑھ گیا ہے ، موجودہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سابق گورنر عشرت العباد تقریبا ًہم عمر ہیں ،فرق صرف6 ماہ 7 دن کا ہے، تاہم نئے گورنر کی تعیناتی کے بعد وزیراعلیٰ اور گورنر کی عمروں میں 24 سال کا فرق آگیا ہے جو قائم علی شاہ کے دور میں29 سال تھا۔
سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ 80 سال کے پیٹے میں ہیں ،3 بار وزیراعلیٰ سندھ کے عہدے پر فائز رہے اور رواں سال 26 جولائی کو استعفا دیتے وقت ان کی عمر 82 سال 317 دن تھی۔
قائم علی شاہ نے وزارت اعلیٰ کا زیادہ وقت اپنے سے 30 سال کم عمر گورنر سندھ کے ساتھ گزارا ،سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد عمر میں ان سے 30سال چھوٹے تھے، عمر کا یہ فرق ان دونوں عہدوں کے درمیان اب بھی رہے گا۔
نئے گورنر سندھ بھی 20 دن بعد80برس کے ہوجائیں گے، یکم دسمبر1937ء کو پیدا ہونے والےجسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی اپنی زندگی کی 79 بہاریں دیکھ چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ان سے 24 سال چھوٹے ہیں،80 سالہ دونوں رہنماؤں میں ایک اور قدر مشترک بھی ہے ،دونوں وکالت کے شعبے سے وابستہ رہے۔
مراد علی شاہ بھی ایک وکیل ہیں جبکہ گورنر سندھ جسٹس ریٹائرڈ سعیدالزماں صدیقی بھی وکالت کی سیڑھی چڑھ کر ہی جج اور پھر چیف جسٹس آف پاکستان بنے ۔