ماسکو: ماسکو کے ریزان سٹی اسپتال سے وابستہ 89 سالہ خاتون سرجن روزانہ 4 آپریشن انجام دیتی ہیں اور 67 سال کے عرصے میں 10 ہزار آپریشن کرچکی ہیں۔
ایلا لیوشکینا نامی خاتون سرجن اگرچہ سننے میں دقت محسوس کرتی ہیں لیکن وہ اس عمر رسیدگی میں بھی روزانہ 4 آپریشن انجام دیتی ہیں اور ان کے ہاتھوں سے 10 ہزار آپریشن سے اب تک ایک بھی موت واقع نہیں ہوئی ہے جب کہ وہ اب بھی مزید کام کرنا چاہتی ہیں۔ خاتون سرجن کے نزدیک ڈاکٹر ہونا کوئی پیشہ نہیں بلکہ زندگی گزارنے کا ایک طریقہ اور اسٹائل ہے۔
خاتون کا عمر سے متعلق کہنا ہے کہ اگر وہ آرام کریں اور رک جائیں تو پھر آپریشن کرنے والا کون ہوگا۔
یہ عمررسیدہ سرجن ماسکو کے ایک فلیٹ میں اپنے معذور بھتیجے اور 8 بلیوں کے ساتھ رہتی ہیں۔ جب ان سے طویل عمری کا راز پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ جو مل جائے وہ کھالیتی ہیں، بہت ہنستی ہیں اور کبھی کبھی بہت روتی بھی ہیں۔
واضح رہے کہ روس میں سرجن 60 سال کی عمر سے ریٹائر ہوجاتے ہیں لیکن ایلا لیوشکینا نے کسی نہ کسی طرح اپنی پریکٹس جاری رکھی ہوئی ہے۔