کیٹالونیا: پولیس نے بارسلونا میں دہشت گرد حملے کے اہم روپوش 22سالہ ملزم یونس ابو یعقوب کو گولی مار کرہلاک کردیا۔
ہسپانوی حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے کیٹالونیا کے خوںریز حملے کاشکار ہونیوالے تمام 14متاثرین اور حملے میں ملوث دہشت گرد گروپ کے ارکان کی شناخت مکمل کر لی ہے، حکام کے مطابق12افراد پر مشتمل دہشت گرد سیل کا خاتمہ کر دیا ہے، کیٹالونیا کے وزیر داخلہ خواکم فورن نے کہا ہے کہ بارسلونا حملے میں ملوث دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا تاہم دہشت گرد مفرور ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ریپول قصبے کا 40 سالہ امام عبدالباقی الستی بھی مذکورہ سیل کا حصہ ہے جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اسی نے حملہ آوروں کو شدت پسندی پر مائل کیا تھا، اس امام مسجد کا تعلق مراکش سے ہے۔ امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ عبدالباقی بدھ کے دن الکنر میں ایک گھر میں ہونیوالے دھماکے میں مارا گیا تھا تاہم پولیس تصدیق کے لیے ڈی این اے نمونے جمع کر رہی ہے تاکہ اس حوالے سے باقاعدہ ثبوت حاصل کیا جاسکے۔