پشاور: ہارس ٹریڈنگ کے الزام کے شکار تحریک انصاف کے ایم پی ایز کے خلاف کارروائی التواء کا شکار ہوگئی انضباطی کمیٹی کے سربراہ اسپیکر اسد قیصر نے انضباطی ذمہ داری سے معذرت کرلی ہے۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کے الزام میں پی ٹی آئی کے 20 ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کے لیے اسپیکر کی سربراہی میں انضباطی کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں نعیم الحق، شہریارآفریدی، صوبائی وزیر شاہ فرمان اور محمد عاطف کو شامل کیا گیا لیکن کمیٹی اپنا کوئی اجلاس نہ کرسکی۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ اسپیکر نے انضباطی کمیٹی کی سربراہی سے معذرت کرلی ہےجب کہ عمران خان کو اس حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔ اسپیکر کی معذرت کے بعد ہارس ٹریڈنگ کے شکار ایم پی ایز کے خلاف کارروائی التواء کا شکار ہوگئی ہے اسپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ وہ مصروفیات کے باعث کمیٹی کی سربراہی نہیں کرسکتے اس لیے انہوں نے معذرت کی ہے۔