امریکا میں ایک پادری نےجہاز خریدنے کے لیے انوکھی چندہ مہم شروع کردی ہے، ان کا کہنا ہے کہ عوام انہیں چندہ دیں کہ ’’اب حضرت عیسیٰ( علیہ السلام)‘ گدھے پر سواری نہیں کریں گے‘‘۔
تفصیلات کے مطابق ا مریکا کہ ایک پادری جیس ڈوپلانٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں خدا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ عیسائیت کے لیے اپنی خدمات کو تیز کرنے کے لیے جدید فالکن سیون ایکس جہاز خریدیں، مذکورہ جہاز کی مالیت پانچ کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر ہے۔
امریکا میں پادریوں کے پاس جہاز کا ہونا کوئی غیر معمولی اور خلافِ توقع بات نہیں ہے تاہم جس طرح سے چندے کی درخواست کی گئی ہے، اسدرخواست نے تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا بالخصوص ٹویٹر پر صارفین کی جانب سے انہیں بے انتہا تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، صارفین یہاں بائبل کی ان آیات کا حوالہ بھی دے رہے ہیں جن میں جن میں حرص اور ‘جعلی پیغمبروں’ سے خبردار کیا گیا ہے۔کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ رقم غریبوں کی مدد کے لیے استعمال ہونی چاہیے۔
دوسری جانب 68 سالہ ڈوپلانٹس نے اپنی ویب سائٹ پر وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہ ہے کہ : ’’آپ جانتے ہیں میرے پاس تین مختلف جیٹ جہاز رہے ہیں، میں نے انھیں استعمال کیا ہے اور انھیں یسوع مسیح کے لیے چلایا ہے۔‘‘
‘‘بعض لوگوں کا خیال ہے کہ پادریوں کے پاس طیارے نہیں ہونے چاہییں۔ میرا خیال ہے کہ پادریوں کے پاس ہر ممکن وسیلہ ہونا چاہیے، ہر ممکنہ ذریعہ، تاکہ انجیل کو دنیا بھر تک پہنچایا جا سکے۔’’انھوں نے کہا کہ جو جیٹ انھوں نے 12 سال قبل خریدا تھا وہ ان کے لیے اب موزوں نہیں رہا کیوں کہ وہ بلا رکے پرواز نہیں کر سکتا اور انھیں ایندھن کے لیے بھاری رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔
ایک تصویر میں وہ اپنے تین جہازوں کے پاس کھڑے نظر آتے ہیں، اوپر لکھا ہے: ‘یہ ملکیت کے بارے میں نہیں ہے، یہ ترجیحات کے بارے میں ہے۔’
ڈوپلانٹس نے اپنی درخواست کی یہ کہہ کر توجیہ پیش کی ہے کہ حضرت عیسیٰ نے کہا تھا کہ دنیا بھر میں جاؤ اور انجیل کا پیغام ہر ذی روح تک پہنچا دو۔ کیا ہم ایسا کریں گے؟۔ انکا کہنا تھا کہ اب حضرت عیسیٰ بھی آئیں گے تو گدھے پر سواری نہیں کریں گے۔ میری اتنی عمر نہیں بچی کہ میں کار یا بحری جہاز یا ٹرین کے ذریعے سفر کر سکوں، لیکن جہاز پر یہ سفر ممکن ہے۔’
یاد رہے کہ 2015 میں ڈوپلانٹس کی ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں وہ ایک اور پادری کینیتھ کوپ لینڈ کے ساتھ کھڑے ہیں اور کوپ لینڈ کہہ رہے ہیں کہ مسافروں والے جہاز پر سفر کرنا ایسا ہی ہے جیسے ‘ایک لمبی ٹیوب میں شیطانوں کے ساتھ سفر کرنا۔’