راک ویلی: امریکی ریاست منی سوٹا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے میری لینڈ کی لائبریری سے 4 دہائیوں قبل لی جانے والے دو کتابیں واپس کردی اور ہر روز کا جرمانہ بھی ادا کیا ہے۔
منی پولس میں رہنے والے جان کریمر کو کینیڈا کے شہر اونٹاریو میں اپنے والدین کے گھر سے دو کتابیں ملیں جو مونٹگمری کاؤنٹی لائبریری سے 1970 کی دہائی میں جاری کی گئی تھیں۔ ایک کتاب کمپنگ سے متعلق اور دوسری کھانے اور سبزیاں پکانے کے بارے میں تھیں، یہ کتابیں واپس نہیں کی گئی تھیں۔ جان کریمر نے نہ صرف یہ کتابیں واپس کردیں بلکہ اس نے جرمانے اور لیٹ فیس کی مد میں لائبریری کو 1550 ڈالر یعنی ڈیڑھ لاکھ روپے سے زائد کی رقم بھی ادا کی۔ جب لائبریری نے یہ رقم واپس کرنے کو کہا کہ تو جان کریمر نے اسے لائبریری کے لیے عطیہ قرار دیا اور رقم واپس نہ لی۔
اس واقعے کے بعد لائبریری کے عملے نے اسے ایک خاص تقریب میں مدعو کیا اور اس کے پورے خاندان کے لیے لائبریری کارڈز جاری کرکے تحفے میں دیئے۔