انگلینڈ کے ایک قصبے میں واقع قدیم محل میں موجود بھوت کا معمہ حل ہوگیا۔ بھوت سمجھا جانے والا ہیولہ محل کا سیکیورٹی گارڈ نکلا۔
پینٹن نامی قصبے میں واقع اولڈ وے مینشن میں بھوت کی موجودگی اس وقت سامنے آئی جب ایک خاتون نے وہاں کی ایک تصویر اتاری۔
تصویر ان کے بیٹے کی تھی جو مینشن کے سامنے سائیکل چلا رہا تھا، تاہم اس تصویر میں کوئی اور بھی موجود تھا۔
تصویر میں محل کے فرسٹ فلور پر موجود بالکونی میں کوئی کھڑا ہوا دکھائی دے رہا تھا جس نے سیاہ کوٹ زیب تن کر رکھا تھا۔
خاتون یہ تصویر دیکھ کر نہایت خوفزدہ ہوگئیں۔ انہوں نے اس تصویر کو انٹرنیٹ پر اپلوڈ کردیا جس کے بعد پریشان اور خوفزدہ لوگ اس پر کمنٹس کرنے لگے۔
تھوڑے ہی دن بعد محل میں تعینات سیکیورٹی گارڈ نے یہ بتا کر لوگوں کو حیران کردیا کہ کھڑکی پر کھڑی پراسرار شخصیت کوئی اور نہیں بلکہ وہ خود ہے۔
گو کہ لوگوں نے اس بات پر یقین نہیں کیا تاہم دیگر سیکیورٹی گارڈز نے بھی اپنے ساتھی کی بات کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی سال سے اس محل کی سیکیورٹی پر معمور ہیں اور اب تک کوئی بھی حیران کن بات سامنے نہیں آئی۔ ’اگر یہاں بھوت ہوتے تو اتنے سال میں ہمارا ان سے ٹکراؤ ضرور ہوتا‘۔