اسلام آباد(امانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے واضح کیا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باوجود ایران کے ساتھ ہر سطح پر روابط برقرار رکھیں جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق خارجہ پالیسی کے منعقدہ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ایران سے تیل نہیں لے رہا، ایران پر عائد امریکی پابندیاں آئل کی مصنوعات سے متعلق ہیں اس لیے پاکستان امریکی پابندیوں سے براہ راست متاثر نہیں ہوگا۔
ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ایران سے اچھے تعلقات ہیں اور ہمیشہ یہ تعلقات قائم رہیں گے، کسی کی وجہ سے پاکستان اپنے دوست ممالک سے تعلقات خراب نہیں کر سکتا، ہماری خواہش ہے کہ پاکستانی بندرگاہ گوادر اور ایرانی بندرگاہ چاہ بہار مل کر کام کریں۔
پاکستان کے ساتھ بھارتی تعلقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتخابات ہی پاکستان کے خلاف نعرے لگا کر جیتے جاتے ہیں۔ عمران خان نے پہل کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم کو مذاکرات کے لیے خط لکھا، بھارت حامی بھر کر پیچھے ہٹ گیا ۔
پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ترجمان وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت سے افغانستان کے مسئلے کے حل کے علاوہ کوئی بات چیت نہیں ہورہی ۔
انہوں نے کہا امریکا افغانستان میں اربوں ڈالرز لگا کر بھی امن قائم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ امریکا میں افغان عمل پر کانفرن جاری ہے جس کا پاکستان حصہ بننے جا رہا ہے۔