کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا سلسلہ جاری ہے اور ہنڈرڈ انڈیکس میں 800 پوائنٹس کی نمایاں کمی ہوگئی۔
ملک میں جاری سیاسی بحران اور بے یقینی کے اثرات سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کاروباری تاحال سنبھل نہ سکا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی 100 انڈیکس میں 800 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی اور سرمایہ کاروں میں فروخت کا رجحان نظر آیا۔ جمعرات کو کاروبار کے آغاز پر 100 انڈیکس 45579.95 پر تھا لیکن پھر حصص کی فروخت کا ایک مستقل سلسلہ شروع ہوا جس کے نتیجے میں انڈیکس 45 ہزار کی نفسیاتی حد سے نیچے گر کر 44616.12 کی سطح تک آگیا۔ واضح رہے کہ پیر کے روز وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم کے بیٹے حسن نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کے موقع پر اسٹاک مارکیٹ کریش کرگئی تھی۔