کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس جاری ہے۔
یس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں ہونے والے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی سربراہی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کررہے ہیں، اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ، سیکیٹری داخلہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز سندھ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر، آئی جی سندھ اللہ ڈنو خواجہ اور دیگر حکام شریک ہیں۔صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت عام طور پر گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ مشترکہ طور پر کرتے ہیں تاہم گورنرسندھ جسٹس (ر) سعیدالزمان صدیقی کی علالت کے باعث مراد علی شاہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز عہدوں پر ترقی پانے کے باعث آخری مرتبہ اجلاس میں شریک ہیں۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو ترقی پر مبادکباد دی اور دونوں کی سندھ میں خدمات کوسراہا۔واضح رہے کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے 2013 میں ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا گیا تھا جبکہ اس آپریشن کو سندھ بھر میں پھیلانے اور سندھ حکومت کے زیر اثر رکھنے کے لئے صوبائی اپیکس کمیٹی بنائی گئی تھی جس کا پہلا اجلاس فروری 2015 میں سابق گورنرعشرت العباد اور سابق وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی زیرصدارت ہوا تھا۔