جیکب آباد: مولا داد تھانے کی حدود میں قمبرانی اور تھہیم قبیلے کے درمیان زمین کے تنازع پر مسلح تصادم میں
4 افراد جاں بحق ہوگئے۔
جیکب آباد میں مولا داد پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع علاقے خان چاچر میں قمبرانی اور تھہیم قبیلے کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے زمین کا تنازع چل رہا تھا اور دونوں جانب سے مسلح افراد خودکار ہتھیاروں کے ساتھ مورچہ بند تھے۔ جمعے کی صبح دونوں قبیلوں کے درمیان اس وقت مسلح تصادم شروع ہوا جب ایک قبیلے کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ کے تبادلے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 4 زخمی ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے 3 کا تعلق تھہیم جب کہ ایک کا قمبرانی قبیلے سے ہے، علاقے میں اب بھی کشیدگی برقرار ہے اور فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ صورت حال پر قابو پانے کے لیے ضلع کے دیگر علاقوں سے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے جب کہ قبائلی عمائدین کے ذریعے کشیدگی میں کمی کی بھی کوششیں جاری ہیں