اسلام آباد: معروف صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی گرفتاری حکومت پاکستان کی درخواست پر کی گئی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے مطابق الطاف حسین پر منی لانڈرنگ، نفرت انگیز تقاریر اور عمران فاروق قتل کے الزامات ہیں۔ایک اور پیغام میں انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی گرفتاری حکومت پاکستان کی درخواست پر کی گئی ہے اورساتھ ہی ان کی پاکستان حوالگی کی گزارش بھی کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ ایم کیو ایم کے بانی اور قائد کو لندن میں گرفتارکر لیا گیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے صبح سویرے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے گھر پر چھاپہ مارا۔چھاپے میں 15 کے قریب پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ بانی ایم کیو ایم کو گرفتاری کے بعد مقامی پولیس اسٹیشن لے جایا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق فی الوقت بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کے گھر کی تلاشی جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016ء میں کی گئی نفرت انگیز تقریر پر عمل میں لائی گئی۔ لندن پولیس نے بھی الطاف حسین کی گرفتاری سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ جس میں کہا گیا کہ الطاف حسین کو نفرت انگیز تقریر اور پاکستان مخالف تقاریر کرنے پر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار شخص سے متعلق تحقیقات کے لیے پاکستان کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری پر ایم کیو ایم کی جانب سے کسی رد عمل کا اظہار نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی ایم کیو ایم رہنما نے بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری پر تاحال کوئی بیان دیا۔